ملکی سیاست اہم موڑ پر آ چکی، نومبر سیاسی طور پر فیصلہ کن ثابت ہو گا: وزیر دفاع

03:43 PM, 30 Oct, 2022

نیوویب ڈیسک

سیالکوٹ: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملکی سیاست اہم موڑ پر آ چکی ہے اور نومبر سیاسی طور پر فیصلہ کن ثابت ہو گا، عمران خان کا اصلی چہرہ عوام کے سامنے آ چکا ہے اور ان کے حوالے سے کچھ لوگوں کو غلط فہمی ہے وہ بھی جلد دور ہو جائے گی، آرمی چیف کی تعیناتی آئین نے وزیراعظم کو سونپی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیردفاع خواجہ آصف نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی 75 سال سے ایک ریگولر فیچر ہے مگر عمران خان کے ذہن میں ہے کہ چیف کی مشاورت سے تعیناتی سیاست کا حصہ ہے، پاک افواج ملک کی حفاظت کیلئے اپنے خون کا نذرانہ پیش کر رہی ہیں جس نے 4 ماہ میں 77 شہادتیں پیش کی ہیں، اگر پاک فوج عمران خان کا ساتھ نہ دے تو وہ نیوٹرل، میر جعفر، میر صادق ہو جاتی ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ عمران خان لانگ مارچ کیلئے 10 سے 12 ہزار افراد لے کر نکلے تھے، راولپنڈی ،اسلام آباد پہنچنے تک لانگ مارچ کا کیا حال ہو گا؟ عمران خان کے مریدکے پہنچتے، پہنچتے اب یہ تعداد 2 سے 3 ہزار رہ گئی ہے، عمران خان نے پیغام بھیجا آرمی چیف کی تعیناتی کا فیصلہ مل کر کرتے ہیں، عمران خان قومی اسمبلی کے رکن نہیں ،وہ نااہل ہوچکے ہیں جبکہ آرمی چیف کی تعیناتی میں عمران خان کا کوئی کردار نہیں، فوج وزارت دفاع کے ذریعے نام بھیجے گی۔ 
خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کا کہنا ہے انہیں معلوم نہیں نوازشریف اور زرداری کرپٹ ہیں اور دونوں کی کرپشن کا اسٹیبلشمنٹ نے بتایا تھا، عمران خان اتنے معصوم ہیں انہیں یہ معلوم نہیں ان کا بیانیہ کرپشن کیخلاف رہا ہے، عمران خان کے پاس کچھ نہیں رہا، وہ سیاسی طور پر ختم ہوچکے ہیں، عمران خان سے کسی طرح کا کوئی رابطہ نہیں،لوگ انہیں چھوڑ رہے ہیں، عمران خان کئی ہفتوں سے ڈیفنس اسٹیبلشمنٹ کو ٹارگٹ کر رہے ہیں جبکہ عمران خان کے بیان پر بھارت میں بھنگڑا ڈالا جا رہا ہے، پی ٹی آئی کے ایک صاحب بھارتی چینل پر بات بھی نہیں کر پائے۔ 

مزیدخبریں