پرتھ: قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف کا تیز رفتار باؤنسر نیدر لینڈز کے بیٹر کی آنکھ پر جا لگا جس کے باعث وہ گراؤنڈ سے باہر چلے گئے۔
تفصیلات کے مطابق پرتھ کے کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں نیدر لینڈ کی بیٹنگ جاری ہے اور میچ کے چھٹے اوور میں ہالینڈ کے بیٹر بیس ڈی لیڈ کو ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر گراؤنڈ سے باہر جانا پڑ گیا۔
حارث رؤف نیدرلینڈز کیخلاف میچ میں اپنا پہلا اوور کرانے کیلئے آئے تو اوور کی پانچویں گیند باؤنسر ماری جو سیدھی نیدر لینڈ کے بیٹر ڈی لیڈ کے ہیلمٹ پر دائیں جانب لگی۔
حارث رؤف کی گیند اتنی تیز تھی کہ ہیلمٹ ہونے کے باوجود بیس ڈی کی دائیں آنکھ کے اوپر اور نیچے سے خون بہنے لگا جس پر فوری طور پر معالج کو گراؤنڈ میں آنا پڑا۔
معالج کی جانب سے کچھ دیر کی طبی امداد کے بعد بھی بیس ڈی لیڈ دوبارہ بیٹنگ کے قابل نہ ہوئے جس کے باعث وہ ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر گراؤنڈ سے باہر چلے گئے۔