دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں افغانستان کے خلاف دھواں دار بلے بازی کرنے والے آصف علی نے دلچسپ ویڈیو پیغام جاری کر دیا ہے۔
آصف علی نے گزشتہ روز افغانستان کے خلاف کھیلے گئے میچ کے 19 ویں اوور میں 4 چھکے لگا کر پاکستان کو یادگار جیت سے ہمکنار کیا جس کے بعد سوشل میڈیا پر ہر جانب ان کے ہی چرچے ہیں اور سابق کرکٹرز بھی ان کی تعریفوں کے پل باندھنے میں مصروف ہیں۔
آصف علی نے میچ کے بعد انتہائی دلچسپ ویڈیو پیغام بھی جاری کیا جس میں ان کا کہنا ہے کہ ’ہور کُش میرے لائق۔۔۔ ری ممبر دی نیم، آصف علی‘ (اور کچھ میرے لائق۔۔۔؟ نام یاد رکھیں، آصف علی)۔
Shukria Asif Ali ???????????? pic.twitter.com/Q2evAqrru8
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) October 29, 2021
آصف علی کا یہ ویڈیو پیغام انتہائی دلچسپ ہے جس میں پہلا سوال یعنی ’میرے لائق کچھ اور۔۔۔‘ تو وہ پاکستانیوں سے کر رہے ہیں مگر اس سے اگلے جملے کی کڑی 2016ءمیں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈکپ، ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی کارلوس بریتھ ویٹ، انگلش آل راؤنڈر بین سٹوکس اور این بشپ کیساتھ ملتی ہے۔
بھارت کے شہر کلکتہ کے ایڈن گارڈن کرکٹ سٹیڈیم میں 3 اپریل 2016ءکو کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈکپ کے فائنل میچ میں ویسٹ انڈیز کے کارلوس بریتھ ویٹ نے انگلش آل راؤنڈر بین سٹوکس کو آخری اوور میں مسلسل 4 گیندوں پر 4 چھکے لگا کر اپنی ٹیم کو فتح دلائی تھی اور اس وقت کمنٹری کے فرائض سرانجام دینے والے این بشپ نے جذبات سے بھرپور لہجے میں یہ تاریخی جملہ ادا کیا تھا کہ ’کارلوس بریتھ ویٹ۔۔۔ ری ممبر دی نیم۔‘
قومی ٹیم کے جارح مزاج بلے باز آصف علی نے بھی اپنے ویڈیو پیغام میں افغانستان کے خلاف 19 ویں اوور میں مارے گئے 4 چھکوں کو اسی تناظر میں پیش کیا ہے اور این بشپ کے تاریخی جملے کو بھی دہرایا ہے جبکہ ان کا یہ ویڈیو پیغام سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہو رہا ہے۔