آصف علی کے 4 شاندار چھکے، شاہد آفریدی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، منفرد ریکارڈ بنا ڈالا

11:13 AM, 30 Oct, 2021

دبئی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج بلے باز اور افغانستان کے خلاف میچ کے ہیرو آصف علی نے ایک اوور میں 4 چھکے لگا کر پاکستان کو جیت دلانے کیساتھ ساتھ ایک منفرد ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا ہے۔ 
آصف علی نے گزشتہ روز افغانستان کے خلاف کھیلے گئے میچ کے آخری لمحات میں اس وقت چار چھکے لگا کر پاکستان کو تاریخی جیت سے ہمکنار کروایا جب افغانستان کی ٹیم میچ جیتتی نظر آ رہی تھی۔ آصف علی کی اس کارکردگی پر پوری پاکستانی قوم جشن منانے اور ان کی تعریفوں کے پل باندھنے میں مصروف ہے۔ 
قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم بھی ان کی کارکردگی کے معترف نظر آئے جن کا کہنا تھا کہ آصف علی نے دونوں اننگز بڑی اچھی کھیلیں، مجھے یقین تھا کہ جب بھی میچ میں ٹیم مشکل صورتحال سے دوچار ہو گی، آصف علی اپنی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت اس مشکل سے نکال لیں گے اور سب نے دیکھا کہ ایسا ہی ہوا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ آصف علی افغانستان کے خلاف 4 چھکے مارنے کے بعد متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں 62 چھکے لگانے والے بلے باز بن گئے ہیں اور اس طرح انہوں نے شاہد خان آفریدی اور کامران اکمل کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ شاہد خان آفریدی نے یو اے ای میں 56 اور کامران اکمل نے 59 چھکے مار رکھے ہیں۔ 

مزیدخبریں