عید میلاد النبی ﷺ کا بابرکت دن، صدر اور وزیراعظم کی قوم کو مبارکباد

10:11 AM, 30 Oct, 2020

اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے عید میلاد النبیﷺ کی خوشی میں قوم کو مبارک دیتے ہوئے پیغام میں کہا ہے کہ سیرت مصطفیٰ ﷺ ہم سب کیلئے بہترین نمونہ ہے۔ حضور نبی کریم ﷺ کی بدولت جہالت اور ظلم و جبر کے اندھیروں کا خاتمہ ہوا۔

وزیراعظم عمران خان نے عید میلاد النبیﷺ پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حرمت رسول ﷺ پر جان قربان ہے۔ آقا ﷺ کا ذکر سدا جاری رہے گا۔ کوشش ہے ریاست مدینہ کے تصور سے مکمل رہنمائی حاصل کریں۔ خاتم النبیین ﷺ اور سرور کائناتﷺ کی حیثیت بے مثال آفتاب کی ہے۔ آپﷺ نے بے مثال فلاحی ریاست قائم کرکے دکھائی۔ آپﷺ کی حیات مبارکہ جہد مسلسل اور انسانیت کی رہنمائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپﷺ کی حیات طیبہ فلاح پر مشتمل عظیم نظام کے قیام سے عبارت ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے یوم ولادت النبی ﷺ کے مبارک موقع پر تمام مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے ایک تہنیتی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج کا دن صرف مسلمانوں کے لئے ہی نہیں بلکہ پوری کائنات اور انسانیت کے لئے عظیم دن ہے کہ آج حضرت محمد ﷺ رحمتہ اللعالمین بن کر اس دنیا میں تشریف لائے اور ان کی آمد سے دنیا سے جہالت کی تاریکی کے خاتمے کی ابتدا ہوئی۔ اس مبارک دن پر نبی ﷺ کے اسوہ حسنہ کی مکمل پیروی، اتحاد واتفاق اور برداشت کا جذبہ پیدا کرنے کے عزم کی ضرور ت ہے۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ عید میلاد النبی ﷺ ہمارے دلوں کے بہت نزدیک ہے۔ آج کا دن انتہائی عقیدت اور محبت سے بھرا، دنیا میں محبت بانٹنے کا دن ہے کیونکہ ہمارے پیارے نبی ﷺ نے اپنی پوری زندگی میں محبت بانٹی، ہماری خواہش اور کوشش ہونی چاہیے کہ ہم اپنے نبی کریم ﷺ کے بتائے ہوئے راستے کو اپنائیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے نبی آخرالزماں حضرت محمد ﷺ کی ولادت باسعادت کے پرمسرت موقع پر امتِ مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سرور کونین حضرت محمد ﷺ کی بعثت سسکتی، مرجھائی اور جہالت میں ڈوبی انسانیت کےلئے ابربہار کی حیثیت رکھتی ہے۔ یہ دن امت مسلمہ کو قرآن و سنت کی تعلیمات پر حقیقی معنوں میں عمل پیرا ہونے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ اپنی زندگیوں کو نبی آخر الزماںﷺ کی تعلیمات کے مطابق بسر کریں گے۔

مزیدخبریں