لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا شہباز گل اور وفاقی وزیر فواد چوہدری کے بیان پر ردِ عمل سامنے آ گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کرائے کے سیلیکٹڈ ترجمان آئین کے بیانیہ کو غداری کا بیانیہ کہہ رہے ہیں ،پی ڈی ایم ملک ، آئین اور عوام کو سیلیکٹڈ اور کرپٹ ٹولے سے بچانے نکلے ہیں اور انشااللہ بچا کر دم لیں گے ۔
انہوں نے کہا شہباز گل کو فواد چودھری کے کل اسمبلی میں بیانیہ کی وضاحت دینی چاہئے جو ملک دشمن ہے۔
پاکستان مسلم لیگ نواز کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا نواز شریف سے دشمنی میں پورے ملک کو داؤ پر لگا دیا گیا ہے۔ عوام کو سیلیکٹڈ اور کرپٹ ٹولے سے بچائیں گے جبکہ ان کو آئین اور ووٹ چوری پر اب کوئی این آر او نہیں ملے گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا تھا کہ نواز شریف اور مریم نواز کے بیانیے سے ملک کو نقصان ہو رہا ہے۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ یہ بغضِ عمران خان میں دوستی ہندوستان تک پہنچ گئے ہیں۔ عمران خان نے پہلی بار ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی باریاں توڑی ہیں اور باریاں ٹوٹنے کی وجہ سے اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ ان کا بیانیہ ملکی سلامتی کے لیے خطرناک ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ اپوزیشن کا جلسوں کا بیانیہ اب اسمبلی تک پہنچ گیا، 24 گھنٹے میں ان کے بیانیے کا بھیانک انجام دیکھ لیا گیا۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ ایاز صادق ابھی نندن کی واپسی کا فیصلہ کرنے والے کون ہوتے ہیں اور فیصلہ سازی اپوزیشن نہیں حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے، آپ کو بتایا گیا تھا کہ حکومت یہ فیصلہ کیوں لے رہی ہے۔
معاون خصوصی نے کہا تھا کہ یہ اپنے ٹکے بچانے کیلئے قومی سلامتی پر حملے کررہے ہیں، بھارت اپنی ہزیمت مٹانے کیلئے جو کہتا تھا وہی ایاز صادق نے کہا، ایاز صادق نے اپنے بیان کی وضاحت بھی غلط انداز میں کی۔