اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں اسلام مخالف مواد کے خلاف تاجروں اور طلبا کا احتجاج جاری۔ فرانسیسی سفارتخانہ جانے والے راستے بند کر دیئے گئے۔ پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔ مظاہرین سیرینا چوک پہنچ گئے اور سیرینا چوک پر کنٹنیرز لگا دئیے گئے۔
پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔ مظاہرین نے سرینا ہوٹل کے سامنے جنگل میں آگ لگا دی ۔
توہین آمیز خاکوں کیخلاف تاجروں اور شہریوں کا آبپارہ کے قریب مظاہرہ کیا۔ شرکا نے آبپارہ چوک کے قریب رکھے کنیٹنرز بھی ہٹا دیئے۔ مظاہرین کا کہنا ہے فرانس ایمبیسی کے سامنے احتجاج ریکارڈ کرانے کی اجازت دی جائے۔
واضح رہے فرانس میں حکومتی سرپرستی میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور پھر اس کے حق میں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے بیان کے بعد دنیا بھر میں فرانس کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور مسلم ممالک میں فرانسیسی اشیاء کے بائیکاٹ کی مہم بھی چل رہی ہے۔
پاکستان نے بھی فرانس کے اس اقدام کی شدید مذمت کی ہے اور گزشتہ روز پارلیمنٹ سے مذمتی قرار داد بھی منظور کی گئی ہے جبکہ پاکستان نے فرانسیسی سفیر کو طلب کر کے احتجاج بھی ریکارڈ کرایا تھا۔