جے یو آئی ف کا آزادی مارچ اسلام آباد کی جانب رواں دواں

جے یو آئی ف کا آزادی مارچ اسلام آباد کی جانب رواں دواں
کیپشن: Image Source: File Photo

لاہور: صوبہ پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں آزادی مارچ کے شرکا نے پڑاؤ کیا، جہاں جے یو آئی (ف) کے رہنماؤں نے خطاب بھی کیا جس کے بعد قافلہ روانہ ہو گیا۔

 

تفصیلات کے مطابق ، جے یو آئی (ف) کا آزاری مارچ براستہ جی ٹی روڈ اسلام آباد کی جانب گامزن ہے۔ قافلہ گوجر خان میں مختصر قیام کے بعد اپنی منزل کی جانب روانہ ہوگا۔

 

آزادی مارچ کے شرکا نے لاہور میں ناشتہ کیا جبکہ دوپہر کا کھانا بھی کھایا۔ ریلی میں شریک جے یو آئی کارکنوں نے مختلف انداز بھی اپنائے۔ کسی نے سیلفی بنائی تو کسی نے کرین پر چڑھ کر شہریوں کو اپنی جانب متوجہ کئے رکھا۔

 

لاہورکے آزادی چوک میں بم پروف کنٹینر پر جے یو آئی رہنماؤں نے خطاب بھی کیا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ابھی تو سیاسی احتجاج شروع ہوا ہے۔ قانون اور آئین کے دائرے میں رہ کر حکومت کو گھر بھیجیں گے۔

 

مریدکے، گوجرانوالہ اور کھاریاں سمیت کئی شہروں میں شرکا کیلئے استقبالی کیمپ بھی لگائے گئے ہیں۔ آزادی مارچ اپنی آخری منزل اسلام آباد پہنچے گا۔