بیروت:لبنان کے وزیراعظم سعد الحریری نے ملک میں جاری حکومت مخالف احتجاج کے بعد مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔
لبنانی وزیراعظم نے ٹیلی وژن پر قوم سے مختصر خطاب میں اپنے استعفے کا اعلان کیا، ان کا کہنا تھا کہ وہ صدارتی محل جاکر استعفیٰ صدر میشیل عون کے حوالے کردیں گے جہاں لبنانی صدر اپنی صوابدید کے مطابق اس پر اپنا فیصلہ کریں گے۔
سعد الحریری کے مستعفی ہونے کےاعلان کے بعد حکومت مخالف مظاہرین کی جانب سے جشن منایا جارہا ہے جب کہ بعض مظاہرین کا اب بھی مطالبہ ہے کہ وزیراعظم کے ساتھ دیگر اعلیٰ حکام بھی استعفیٰ دیں۔
واضح رہے کہ عرب ملک لبنان میں گذشتہ دو ہفتوں سے معاشی بحران سمیت حکومتی اراکین کی کرپشن اور اقربا پروری کے خلاف احتجاج کیا جارہا ہے۔ یہ احتجاج 17 اکتوبر کو اس وقت شروع ہوا جب حکومت کی جانب سے واٹس ایپ کال پر ٹیکس کا نفاذ کیا گیا۔