ترکی، صدر رجب طیب اردوغان کا استنبول کے تیسرے ایئرپورٹ کا افتتاح

ترکی، صدر رجب طیب اردوغان کا استنبول کے تیسرے ایئرپورٹ کا افتتاح

استنبول :ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے استنبول کے تیسرے ایئرپورٹ کا افتتاح کر دیا ہے جو منصوبے کے تحت 2028 تک دنیا کا سب سے بڑا اور مصروف ترین ایئرپورٹ بن جائے گا۔


تفصیلات کے مطابق اس ایئرپورٹ کے ابتدائی مراحل میں 2021 تک سالانہ9کروڑ مسافروں کی آمدورفت کی گنجائش ہوگی جو کہ بتدریج اگلے چند برسوں میں بڑھ کر 20 کروڑ تک پہنچ جائے گی۔دنیا کا اس وقت مصروف ترین ایئرپورٹ امریکہ میں اٹلانٹا کا ہے جہاں سالانہ10 کروڑ 40 لاکھ مسافروں کو سنھبالنے کی گنجائش ہے,صدر اردوغان نے جدید ترکی کے قیام کی 95ویں سالگرہ کے موقع پر ایئرپورٹ کا افتتاح کیا لیکن یہ صرف علامتی تھا کیونکہ اس کے پہلے ہفتے میں صرف گنتی کی ہی چند پروازیں اس ایئرپورٹ پر آئیں گی۔

رپورٹ کے مطابق 12 ارب ڈالر کی لاگت سے بنا یہ ایئرپورٹ صدر اردوغان کے لیے نہایت اہم ہے کیونکہ انھیں توقع ہے کہ اس منصوبے کی مدد سے استنبول بین الاقوامی آمدو رفت کا مرکز بن جائے گا جہاں سے ایشیا، یورپ اور افریقی ممالک کو ملایا جا سکے گا۔استنبول کا موجودہ اتاترک ایئرپورٹ اس سال کے آخر تک معمول کی پروازوں کے لیے استعمال ہوتا رہے گے لیکن اگلے سال سے شہر کے مرکزی ایئرپورٹ کی حیثیت نئے ہوائی اڈے کو مل جائے گی اور اتاترک ایئرپورٹ نجی طور پر استعمال ہوتا رہے گا۔

یاد رہے کہ استنبول کے ایشیائی حصے میں واقع شہر کے تیسرے ایئرپورٹ صبیحا گورکن پر ان تبدیلیوں کا کوئی اثر نہیں ہوگا اور وہاں پروازیں معمول کے مطابق اڑیں گی۔