لاہور: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت نے ابتدائی دنوں میں ہی درست سمت میں گورننس کی بنیاد رکھی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف کے ارکان پنجاب اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف شفاف حکومت کا ایجنڈا لے کر آگے بڑھ رہی ہے یہی وجہ ہے کہ حکومت نے ابتدائی دنوں میں ہی وفاق اور صوبوں میں درست سمت میں گورنس کی بنیاد رکھی لیکن ابھی بھی ہمیں طویل المدت اقدامات پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ناداروں کو دو وقت کی روٹی ملے گی،سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر سونے والوں کو چھت دیں گے اور کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور مالی تعاون فراہم کریں گے، وزیر اعظم نے ارکان اسمبلی کو حلقوں میں مضبوط رابطوں کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔
اپنے دورہ چین کے حوالے سے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دورے میں زراعت میرے ایجنڈے کا اہم حصہ ہوگا، زراعت کو مینجمنٹ اور فنانس کرنے کی ضرورت ہے جب کہ زراعت کی بہتری تحریک انصاف کی اولین ترجیح ہے۔