اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اسرائیلی طیارے کی خبر من گھڑت، لغو اور بے بنیاد ہے۔ اسرائیلی طیارے کی آمد کی خبر کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔
شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کے دوران یہ بھی کہا کہ پاکستانی فوج یمن بھیجنے سے متعلق سعودی عرب نے کوئی شرط نہیں لگائی۔
انہوں نے کہا کہ ہم مانتے ہیں کہ کورم پورا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور چیف وہپ کو کہا ہے کہ کورم پورا رکھیں۔ معیشت سب کا مسئلہ ہے جبکہ اس پر بھی سیر حاصل بحث ہونی چاہیئے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون کی سابق حکومتوں کو معاشی مشکلات پر آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا تھا۔ اس وقت مالی خسارہ 6 اعشاریہ 2 فیصد ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ قرضوں پر سود کی ادائیگی مشکل ہو گئی ہے۔ قرضے 30 ہزار ارب تک پہنچ جائیں تو سود کی ادائیگی بہت مشکل ہو جاتی ہے۔ ملک کو معاشی بحران سے نکالنا سب کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے صوبائی ہم آہنگی ضروری ہے اور ہمیں میثاق معیشت پر اتفاق کرنا ہو گا جبکہ معیشت کی موجودہ صورت حال کے ہم سب ذمہ دار ہیں۔