چارسدہ: صوبہ خیبرپختونخوا کے شہر چارسدہ میں گھریلو تنازع پر فائرنگ سے 2 خواتین اور بچے سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔ مرنے والوں میں چارسدہ پریس کلب کے جنرل سیکریٹری احسان شیر پاؤ بھی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق چارسدہ کے علاقے تالا شاہ میں گھریلو جھگڑے پر ارشد جمال نامی ایک شخص نے فائرنگ کر کے اپنی والدہ، بھابھی اور 2 سالہ بھتیجے کو قتل کر دیا۔
فائرنگ کے بعد ملزم فرار ہو رہا تھا کہ راستے میں اسے چارسدہ پریس کلب کے جنرل سیکریٹری احسان شیرپاؤ ملے جس پر اُس نے ان کی گاڑی پر بھی فائرنگ کر دی اور فرار ہو گیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں احسان شیر پاؤ موقع پرہی دم توڑ گئے۔
واضح رہے کہ احسان شیر پاؤ ملزم کے چچا زاد بھائی تھے۔ ملزم کی شناخت ارشد جمال کے نام سے کی گئی۔
پولیس کے مطابق ملزم آئس کا نشہ کرتا ہے اور اس سے قبل اپنی بیوی کو بھی قتل کرچکا ہے۔ پولیس نے شواہد اکھٹے کرکے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔