کراچی / لاہور: نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسین ؓ اور شہدائے کربلا کا چہلم آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔چہلم امام حسینؓ و شہدائے کربلا کے سلسلے میں آج نکلنے والے جلوسوں کے روٹس پر سیکیورٹی اہلکار تعینات ہیں۔ لاہور میں تعزیہ کا مرکزی جلوس اندرون شہر حویلی الف شاہ سے برآمد ہو گا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ اختتام پذیر ہو گا۔
جلوس کی سکیورٹی کے لئے 12 ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار تعینات ہیں۔ جلوس کے روٹ میں شامل تجارتی مراکز عارضی طور پر بند ہیں۔
جلوس کے اختتام تک لوئر مال، پیر مکی یوٹرن ،ضلع کچہری، اندرون سرکلر روڈ، موری گیٹ تا چوک اسلامیہ اور لوئر مال سے ملحقہ شاہراہیں بند رہیں گی۔
پولیس حکام کے مطابق حفاظتی اقدامات کے پیش نظر شاہدرہ موڑ تا ایم اے او کالج میٹرو بس سروس معطل رہے گی جب کہ جلوس کے روٹ پر جیمرز کی مدد سے موبائل سروس بھی بند رکھی گئی ہے۔
سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید کا کہنا ہے کہ تمام افراد کو چیکنگ کے بعد جلوس میں شامل ہونے دیا جائے گا۔ مرکزی کنڑول روم سے سیکیورٹی امور پر نظر رکھی جائے گی جب کہ چہلم کے جلوسوں کی سکیورٹی کے پیش نظر آج ملک کے چاروں صوبوں میں موبائل فون سروس صبح 9 بجے سے رات 9بجے تک معطل رہے گی۔
چہلم امام حسین ؓ کے سلسلے میں آج کراچی سمیت سندھ بھر میں اسکول اور کالج بند ہیں۔