اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ سعودی عرب کیلئے شریف خاندان کی کوئی اہمیت نہیں رہی ، احتساب کا عمل منطقی نتیجے تک پہنچایا جائیگا۔کسی بیورو کریٹ کو منتخب نمائندے کا فون نہ سننے کا اختیار نہیں ، سعودی پیکج کے بعد مزید دوبڑے پیکجز آرہے ہیں،اپوزیشن کی تمام حکمت عملی این آر او لینے کیلئے ہے۔
وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ این آر او جب بھی ہوا اس وقت کیا ہو رہا ؟ شریف برادران پہلے بھی این آر او کرکے چلے گئے تھے لیکن یہ مانتے نہیں ہیں۔ اس وقت جو آل پارٹیز کانفرنس ہورہی ہے تو اس کودیکھتے ہوئے بتایا جائے کہ آصف زرداری ، نواز شریف اور فضل الرحمان کاآپس میں کیا نظریہ ہے ، یہ اس لئے اکھٹے ہورہے ہیں کہ ان کے ساتھ کوئی این آر او ہوجائے ، ان کا مقصد ہی این آر او کے سوا کچھ اور نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف خاندان کواب سعودی عرب میں اہمیت نہیں رہی اور نہ ہی سعودی حکومت پر نواز شریف اور زرداری کا کوئی اثر ہے۔ اپوزیشن کی تمام تر حکمت عملی اور حکومت پر دباﺅ این آر او لینے کی کوشش ہے لیکن عمران خان کسی کو این آر او نہیں دیں گے۔
وہ حکومت چھوڑ دیں گے لیکن بلیک میل نہیں ہونگے ، احتساب کا عمل منطقی انجام تک پہنچے گا۔آئی جی اسلام آباد کے حوالے سے سوال پر فواد چودھری نے کہاہے کہا آئی جی اسلام آباد کے تبادلے کا اعظم سواتی کے واقعہ سے کوئی تعلق نہیں تھا ۔