تہران: ایران کے وزیر دفاع نے ملکی ماہرین کے تیار کردہ جدید ترین ریڈار سسٹم آفاق کی رونمائی کی ہے۔دو ہزار کلومیٹر کی رینج میں سفر کرنے والے بحری جہازوں کی رصد کرنے والے آفاق ریڈارسسٹم کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ یہ ریڈار سسٹم فضائی اہداف کا پتہ لگانے کی بھی صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ریڈار سسٹم بیک وقت سو بحری اہداف کا پتہ لگا سکتا ہے اور اسے آسانی کے ساتھ ایک جگہ سے دوسری جگہ متنقل کیا جاسکتا ہے۔ایران کے وزیر دفاع نے کہا کہ آفاق ریڈار سسٹم ساحلی علاقوں کی نگرانی اور ساحلی گشت کے دوران اہم کردار ادا کرے گا۔
جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ ایران نے بالکل جدید ترین ٹیکنالوجی کا حامل یہ ریڈار سسٹم سخت ترین پابندیوں کے دوران، محض اندرونی وسائل اور ملکی ماہرین کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے تیار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس پیشرفت سے یہ بات پوری طرح واضح ہو گئی ہے کہ دفاعی میدان میں کوئی چیز ایرانی عوام کے عزم و ارادے میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔