واشنگٹن:امریکی عوام نے وائٹ ہاﺅ س کے سامنے مظاہرہ کر کے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف کئے جانے والے تشدد کی مذمت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق روہنگیا مسلمانوں کی حمایت میں وائٹ ہاﺅ س کے سامنے کئے جانے والے اس مظاہرے میں مسلمانوں اور انسانی حقوق کی مدافع تنظیموں، اسلام امریکہ رابطہ کونسل، شمالی امریکہ کی اسلامی برادری، امریکی مسلمانوں کے گروہوں نیز مختلف دیگر گروہوں نے شرکت کی۔
مظاہرین نے میانمار کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ روہنگیا مسلمانوں کے خلاف تشددکا سلسلہ بند کرے۔ مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں بینر اٹھا رکھے تھے جبکہ انھوں نے نعرے لگاتے ہوئے میانمار میں رونما ہونے والے انسانی المیے کے بارے میں حکومت امریکہ کی خاموشی پر کڑی تنقید بھی کی۔روہنگیامظالم، امریکی عوا م کا وائٹ ہاﺅ س کے سامنے مظاہرہ
اس سلسلے میں اخبار واشنگٹن پوسٹ نے بھی لکھا ہے کہ ٹرمپ حکومت نے میانمار کے مسئلے کوئی قدم نہیں اٹھایا ہے جبکہ اقوام متحدہ نے میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کو جارحیت کا نشانہ بنائے جانے کی مصدقہ رپورٹ جاری کی ہے اور تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کا قتل عام کیا گیا ہے جن میں عورتیں اور چھوٹے چھوٹے بچے بھی شامل ہیں۔
اقوام متحدہ نے اس تشدد کو انسانیت کے خلاف بڑا جرم قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ میانمار کے صوبے راخین میں روہنگیا مسلمانوں پر اس ملک کی فوج اور انتہا پسند بودھسٹوں کے وحشیانہ حملوں اور جارحیت میں چھے ہزار سے زائد افراد جاں بحق اور آٹھ ہزار زخمی جبکہ لاکھوں بے گھر ہوئے ہیں۔