اپوزیشن جمہوری نہیں، بات چیت یا لاٹھی سے استحکام لانا ہوگا: بلاول بھٹو

08:33 PM, 30 Nov, 2024

 کراچی :پاکستان پیپلز پارٹی کے 57 ویں یوم تاسیس کے موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن اس وقت نہ جمہوری ہے اور نہ سیاسی، سیاسی جماعتیں سیاست کے دائرے میں رہ کر کام نہیں کر رہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک میں سیاسی استحکام کے لیے بات چیت یا طاقت کا استعمال ناگزیر ہو سکتا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی تین نسلوں کی جدوجہد کے بعد آج ملک کے ہر کونے میں موجود ہے۔ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو نے جمہوریت کی بنیاد رکھی، آئین دیا، اور روٹی، کپڑا، مکان کا نعرہ دے کر عوامی خدمت کی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو ختم کرنے کے لیے مختلف سازشیں کی گئیں، لیکن شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں پارٹی نے ہمیشہ سازشوں کو ناکام بنایا۔ انہوں نے 18ویں آئینی ترمیم، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، اور سی پیک منصوبے جیسے عوامی فلاح کے اقدامات کو پیپلز پارٹی کی کامیابیوں کا حصہ قرار دیا۔

بلاول بھٹو نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گورنر راج یا کسی سیاسی جماعت پر پابندی لگانے کی باتیں کی جا رہی ہیں، لیکن حکومت نے اس پر پیپلز پارٹی سے کوئی مشاورت نہیں کی۔

مزیدخبریں