لندن: برطانیہ کی پارلیمنٹ میں شدید بیمار اور تکلیف میں مبتلا افراد کو اپنی زندگی ختم کرنے کا اختیار دینے والے بل کو پہلے مرحلے میں کامیابی مل گئی ہے۔ لیبر پارٹی کی رکن پارلیمنٹ کم لیڈ بیٹر نے اس بل کو پیش کیا تھا، جس پر 330 اراکین نے حمایت میں ووٹ دیا جبکہ 275 اراکین نے اس کی مخالفت کی۔
بل کے مطابق، وہ افراد جو شدید بیماری یا تکلیف میں مبتلا ہیں اور جن کی زندگی کا باقی حصہ صرف چند ماہ پر مشتمل ہے، انہیں موت کا اختیار حاصل ہوگا۔ اس عمل میں مریض کی عمر کم از کم 18 سال اور فیصلہ مکمل طور پر خود ارادی ہوگا۔ مریض کو دو ڈاکٹروں کی تصدیق کے بعد ہائی کورٹ سے اجازت حاصل کرنی ہوگی، پھر اس کے بعد موت کے انتخاب کا عمل شروع کیا جائے گا۔
مریض کو موت کے انتخاب کے لیے دوا فراہم کی جائے گی، تاہم دوا کا استعمال مریض خود کرے گا۔ اس بل میں کسی مریض کو موت کے انتخاب پر مجبور کرنے کی سزا 14 سال قید مقرر کی گئی ہے