نئی دہلی: بھارتی سیاستدان اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کی اہلیہ نوجوت کور کو خوراک کے ذریعے کینسر کا علاج کرنے کے دعوے پر 850 کروڑ روپے کا قانونی نوٹس موصول ہوا ہے۔
چھتیس گڑھ سول سوسائٹی نے نوجوت کور کو یہ نوٹس ارسال کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نوجوت سنگھ سدھو کے دعووں کا ثبوت 7 دن کے اندر عدالت میں پیش کریں۔ بصورت دیگر انہیں 850 کروڑ روپے کا ہرجانہ ادا کرنا ہوگا۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سدھو کے دعوے سے ایلوپیتھک علاج کے بارے میں لوگوں کے ذہنوں میں منفی تصورات جنم لیں گے اور کینسر کے مریضوں کو اپنی دوائیں ترک کرنے کی ترغیب دی جا رہی ہے، جو ان کی زندگیوں کو مزید خطرے میں ڈال سکتا ہے۔
یاد رہے کہ نوجوت سنگھ سدھو نے 23 نومبر کو دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے اپنی اہلیہ کا چوتھے درجے کا کینسر خوراک کی تبدیلی اور دیسی طریقوں سے علاج کر کے ختم کر دیا، اور اسی طریقہ سے اپنی جگر کی چربی کی بیماری کا بھی علاج کیا۔