اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان میں انتشار اور تشدد کی سیاست کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت ترقی کی سمت میں گامزن ہے، اور گزشتہ سات ماہ کے دوران پاکستان میں متعدد غیر ملکی وفود نے دورے کیے۔ وزیر اطلاعات نے پی آئی اے کی یورپ کے لیے پروازوں کی بحالی کو پاکستان کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 11 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئے ہیں۔
تحریک انصاف کے احتجاج پر بات کرتے ہوئے عطاء تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی لاشوں کی سیاست کر رہی ہے اور سوشل میڈیا پر جھوٹے پروپیگنڈے پھیلا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے جاری کی گئی تصاویر اور وڈیوز میں بلیو ایریا کی سڑک کو خون آلود دکھایا گیا تھا، تاہم جب انہوں نے اس سڑک پر جا کر ویڈیو بنائی، تو وہاں خون کا کوئی نشان نہیں تھا۔
عطاء تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی ابھی تک فائرنگ سے متعلق کوئی حقیقت پر مبنی تصویر یا ویڈیو پیش نہیں کر سکی، اور ہسپتالوں نے بھی ان ہلاکتوں کی تردید کی ہے۔