مریم نواز اپنے دماغ کے علاج کیلئے کسی مناسب سے معالج کا بندوبست کریں: شیریں مزاری

مریم نواز اپنے دماغ کے علاج کیلئے کسی مناسب سے معالج کا بندوبست کریں: شیریں مزاری

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءشیریں مزاری نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز اور شریف خاندان کی یادداشت ہی کمزور نہیں بلکہ یہ خاندان عقل و فہم کے سنگین مسائل سے بھی دوچار ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق شیریں مزاری نے کہا کہ مریم نواز کے والد کی سیاست میں اسٹیبلشمنٹ کے کردار اور نواز شریف کے فوج کے حوالے سے اہداف سے قوم اچھی طرح واقف ہے۔ جنرل جیلانی کی نرسری میں پروان چڑھنے اور افواج پاکستان کو پنجاب پولیس بنانے کے نواز شریف کے عزم سے قوم آگاہ ہے۔ ڈان لیکس کے ذریعے افواج کو عالمی سطح پر بدنام کرنے والی حرکت ماضی قریب کا حصہ ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی جانب سے مودی کے فنانسرز سے کاروباری تعلقات اور عسکری قیادت کی بدنامی کی کوششیں ریکارڈ کا حصہ ہیں۔ نواز شریف کی نااہلی کسی سازش کا نتیجہ نہیں بلکہ ان کے اپنے کرتوتوں کا ثمر تھا۔ نواز شریف کی کرپشن اور لوٹ مار کی داستان پر مشتمل پانامہ لیکس خود نواز شریف کے دور میں منظر عام پر آئیں۔ پانامہ جیسے عالمی انکشاف سے دنیا بھر میں نواز شریف کی کرپشن اور لوٹ مار بے نقاب ہوئی۔ 
 ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ نواز شریف کیخلاف تحقیقات سپریم کورٹ کی نگرانی میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے کیں۔ نواز شریف کی نااہلی و کرپشن پر فیصلے سپریم کورٹ اور احتساب عدالت نے سنائے۔ یہ حقیقت اب قوم تسلیم کر چکی ہے کہ نواز شریف کو جب اقتدار ہاتھ لگا انہوں نے لوٹ مار کو اولین ہدف بنایا۔ نواز شریف اقتدار سے نکلے تو این آر او کے حصول اور چوری کی معافی کیلئے ہاتھ پاؤں مارتے رہے۔
پی ٹی آئی رہنماءکا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کی سیاست و طرز حکومت کا تیسرا ہدف ریاستی اداروں خصوصاً عدلیہ و فوج میں اپنے بندے بھرتی کرنے کی کوششیں کرنا ہے۔ مریم نواز والد کے پلیٹ لیٹس پورے کرنے کے ساتھ اپنے دماغ کے علاج کیلئے بھی کسی مناسب سے معالج کا بندوبست کریں۔ ملک و ریاست کیخلاف کرپٹ خاندان کے عزائم کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ عمران خان ہیں، شریف خاندان کی ملک و فوج دشمنی قوم بھولی ہے نہ ہم بھولنے دیں گے۔

مصنف کے بارے میں