لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءحماد اظہر نے کہا ہے کہ ہماری حکومت کو گھر بھیج کر نالائق لوگوں کو مسلط کیا گیا جن کے پاس کوئی معاشی ریسکیو پلان نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق حماد اظہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مارکیٹ میں روپے کی قدر کم ہو رہی ہے اور حکومت کے پاس معاشی ریسکیو کیلئے کوئی پلان نہیں ہے لہٰذا فوری طور پر ملک میں ایک مضبوط مستحکم حکومت قائم کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں 6 فیصد پر معیشت ترقی کر رہی تھی اور پاکستان کے ایکسپورٹرز ٹیک آف کر رہے تھے مگر ہماری حکومت کو گھر بھیجا گیا اور نالائق لوگوں کو مسلط کیا گیا۔
حماد اظہر نے کہا کہ بجلی کا بحران آ چکا اب گیس کا بحران آنے والا ہے لیکن بجلی کا وزیر پتہ نہیں کہاں غائب ہے، اب بھی لوگوں کو سمجھ نہیں آ رہی معیشت کتنی خراب ہو چکی ہے۔