لانگ مارچ فارغ، عمران خان غیر جمہوری ذہن کے مالک اور سیاسی طور پر ناکام ہیں: مریم اورنگزیب

05:33 PM, 30 Nov, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کرسی اور اقتدار کے ساتھ چمٹے رہنا چاہتے ہیں اور جمہوری ذہن نہیں رکھتے، وہ اب لانگ مارچ سے بھی فارغ ہو گئے اور سیاسی طور پر ناکام ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کرسی اور اقتدار کے ساتھ چمٹے رہنا چاہتے ہیں، کیا یہ قائداعظم کا فرمان تھا کہ طیبہ گل کو ایک کمرے میں بند کر دیا جائے؟ کیا یہ قائداعظم کا فرمان تھا کہ توشہ خانہ کی چیزوں کو بیچ کھائیں، عمران خان کا جمہوری ذہن ہی نہیں ہے اور اب آپ لانگ مارچ سے بھی فارغ ہوچکے ہیں، آپ توشہ خانہ کی چیزوں کو عوام کے سامنے ڈکلیئر کریں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ملک میں افراتفری اور انتشار چاہتے ہیں لیکن اس وقت ہمارا مقصد سیلاب زدگان کی مدد کرنا ہے، عمران خان جواب دیں 4 سال ملک کے ساتھ کیا کیا، عمران خان کا دماغی خلل ملک میں انتشار پھیلانا ہے، عمران خان اقتدار کیلئے ہرزہ سرائی کررہے ہیں، عمران خان پاکستان کو سری لنکا بنا کر چلا گیا تھا، ہم نے پاکستان کو بچایا ہے، 4سال میں عمران نے ملک کی بہتری کیلئے کوئی تعمیری کام نہیں کیا۔ 
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملکی ضرورت پوری کرنے کیلئے کرنٹ گندم موجود ہے اور اس وقت 1.8ٹن کی گندم کے ذخائر ہیں اور سیلاب کے باوجود ملک میں گندم کی کمی کا کوئی خطرہ نہیں ہے، حکومت کی کوشش ہے ملک میں کوئی غذائی بحران پیدا نہ ہو۔ 
ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن میں سفارتخانے کے زیر استعمال 2عمارتیں موجود ہیں جن کے حوالے سے بروقت فیصلے نہیں کئے گئے، دونوں عمارتیں اس وقت زیر استعمال نہیں اور ان کا صرف ٹیکس دے رہے ہیں جس کے باعث یہ فیصلہ ہوا ہے کہ اس بلڈنگ کو شفاف طریقے سے بیچیں گے۔ 

مزیدخبریں