کراچی: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم سے اپیل کرتا ہوں کہ شرعی عدالت کے سود کے خاتمے سے متعلق فیصلے پر عملدرآمد کرایا جائے، تمام اسلامی قانون قرآن کے تابع ہوتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سود کی حرمت کے سے متعلق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ وفاقی شرعی عدالت نے سودکے خاتمے کا فیصلہ کیا، وزیراعظم سے اپیل کرتا ہوں کہ شرعی عدالت کے فیصلے پر عملدرآمد کرایا جائے جبکہ پاکستان کی تاجر برادری کی جانب سے بھی اس فیصلے کے حوالے سے مثبت ردعمل سامنے آنا چاہئے، پاکستان کا کاروباری طبقہ بھی اس کانفرنس حصہ بن کر یہ پیغام دے کہ وہ ساتھ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بینکوں کی اپیلوں کو واپس لینے کا مطالبہ کیا، اسحاق ڈار کی جانب سے اپیلیں واپس کرنے کے اعلان پرخوشی ہوئی، سود کے خاتمے کیلئے حکومت کے اس اعلان سے حوصلہ افزائی ہوئی ہے کیونکہ سود کا خاتمہ پاکستان اور عوام کے مسائل کا حل ہے، آئین کی زبان ہمارے لیے حجت ہے اور تمام اسلامی قانون قرآن کے تابع ہوتے ہیں، آئین کہتا ہے کہ قرآن سنت کے خلاف کوئی قانون نہ ہو۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ حکومت میں آنا کامیابی نہیں ہے کیونکہ پارلیمانی سیاست اور اقتدار میں آنا منزل نہیں، حکومت ٹریک پر آ گئی ہے اور اب اس کو چلانا بھی ہے، گزشتہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے ملکی معیشت تباہ ہوئی اور اسحاق ڈار کو جب بلایا تو ہمارے ملک کی معیشت تباہ ہو رہی تھی، معیشت اور امن کی مضبوطی ملک کی مضبوطی ہوتی ہے۔