کراچی: وفاق المدارس کے صدر مفتی تقی عثمانی نے کہا ہے کہ سود کا کاروبار کرنے والے اداروں اور سود کے خاتمے کے خلاف اپیلیں واپس نہ لینے والے بینکوں کا بھی بائیکاٹ جائے جبکہ ملک میں بلا سود بینکاری کو عملی طور پر لاگو کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق سود کی حرمت کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ ملک کی 3اعلیٰ عدالتیں سود کےخلاف فیصلے دے چکی ہیں اور یہ فورم سود کے خاتمے کے عملی اقدامات تیز کرنے کا مطالبہ کرتا ہے، سود کا کاروبار کرنے والے اداروں اور سود کے خلاف اپیلیں واپس نہ لینے والے بینکوں کا بھی بائیکاٹ کیا جائے۔
مفتی تقی عثمانی کا کہنا تھا کہ نظریاتی اختلافات کا دائرہ علمی حلقوں تک محدود ہونا چاہئے اور حکومت کو سود کے خاتمے کیلئے عملی کوششیں کرنی چاہئیں، ملک میں بلا سود بینکاری کو عملی طور پر لاگو کیا جائے اور وزارت خزانہ میں غیر سودی نظام کیلئے ڈویژن قائم کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ سودی نظام کو ختم کرنے کیلئے 8 کمیٹیاں قائم ہو چکی ہیں، 1978 سے 2015 میں ضخیم کمیٹیاں قائم کی گئیں ہیں، بعض ادارے ایسے ہیں جن میں سود ختم کرنے آسان ہیں جبکہ بعض جگہ بینکوں کے ساتھ کمپرومائز کیا گیا تھا، تمام مکاتب فکر کے اس معاملے پر اجتماع بھی ہوتے رہے ہیں۔
سود کے خاتمے کیخلاف اپیلیں واپس نہ لینے والے بینکوں کا بائیکاٹ کیا جائے: مفتی تقی عثمانی
02:46 PM, 30 Nov, 2022