اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے فیصلے کے خلاف درخواست پر جلد اور روزانہ سماعت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے دائر کی گئی متفرق درخواست میں کہا گیا ہے کہ کیس کی سماعت کیلئے 22 نومبر مقرر تھا تاہم یہ کیس اب ڈی لسٹ ہو گیا ہے جبکہ الیکشن کمیشن کی رپورٹ کی بنیاد پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے کارروائی شروع کر رکھی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے بغیر اختیارات کے پی ٹی آئی رہنماؤں اور ڈونرز کو ہراساں کر رہی ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو حکومتی دباؤ پر پی ٹی آئی کیلئے فنڈنگ سے روکا جا رہا ہے۔ اس طرح کے حربے جمہوریت پر براہ راست حملہ ہیں، پارٹی اور اس کے ممبران کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ جمہوریت کے تحفظ کیلئے پٹیشن میں اٹھائے گئے اہم سوالات کا فیصلہ کیا جائے، لارجر بینچ روزانہ کی بنیاد پر سماعت کر کے ہماری درخواست پر فیصلہ کرے۔
واضح رہے کہ اگست میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی نے ممنوعہ فنڈز لئے ہیں۔