کراچی کنگز نے بابراعظم کو ٹیم کی قیادت سونپ دی

11:24 PM, 30 Nov, 2021

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی معروف فرنچائز کراچی کنگز نے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کو ٹیم کی قیادت سونپ دی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری پیغام میں بابراعظم  نے کہا کہ کراچی کنگز کی انتظامیہ کا شکرگزار ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کنگز کی ٹیم ایک خاندان کی طرح ہے۔ کوشش کریں گے اگلے پی ایس ایل کا ٹائٹل ہم جیتیں۔

انہوں نے کہا کہ ذمہ داری ملے تو خوشی ہوتی ہے اور اپنا اچھا دینے کی کوشش کرتا ہوں۔ عماد وسیم نے جس طرح ٹیم کی قیادت کی اسی طرز پر کپتانی کرنے کی کوشش کروں گا۔

واضح رہے کہ لیگ کے ابتدائی ایڈیشن میں شکستوں سے دوچار ہونے والی کراچی کنگز کو قیادت کے بحران کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا اور ابتدائی دو ایڈیشنز میں تین کپتان مقرر کیے تھے۔

2016 میں لیگ کے افتتاحی ایڈیشن میں شعیب ملک کو کپتان مقرر کیا گیا تھا لیکن متواتر شکستوں اور دیگر وجوہات کے سبب وہ ایونٹ کے دوران ہی قیادت سے دستبردار ہو گئے تھے جس کے بعد روی بوپارہ کو قیادت کی ذمے داریاں سونپی گئی تھیں۔

2017 میں کراچی کنگز نے عظیم سری لنکن وکٹ کیپر بلے باز کمار سنگاکارا کو کپتان مقرر کیا تھا لیکن وہ بھی ٹیم کی قسمت بدلنے میں ناکام رہے تھے اور کراچی کنگز ایک مرتبہ ناکامیوں سے دوچار ہوئی تھی۔

لیگ کے تیسرے ایڈیشن سے قبل کراچی کنگز نے عماد وسیم کو کپتان مقرر کیا تھا لیکن اگلے دو سیزن وہ بھی ٹیم کی کایا پلٹنے میں ناکام رہے تھے البتہ لیگ کے 2020 کے ایڈیشن میں کراچی کنگز نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ 2021 کے ایڈیشن میں عماد وسیم کی زیر قیادت ٹیم ٹائٹل کے دفاع میں ناکام رہی تھی۔ 

مزیدخبریں