لاہور :سپیرئیر یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف لاء (لندن) کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو گئے،مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی تقریب کا انعقاد سپیر ئیر یونیورسٹی میں کیا گیا ۔
نمائندہ نیو نیوز کے مطابق سپیرئیر یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف لاء(لندن) کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے،اس شراکت کا اہم مقصد سپیریئر کے قانون کے طالب علموں کا معیار یونیورسٹی آف لاء کے طلباء کے برابر کرنا ہے۔دونوں ادارے اس بات پہ متفق ہیں کہ اس معاہدے کی مدت میعاد پانچ سال ہو گی،اس ایم او یو کے تحت قانون کی تعلیم اور نصاب میں جدت کے لیے مشترکہ کاوشیں کی جائیں گی جو بہترین اساتذہ کی زیر نگرانی ممکن ہوگا۔
ڈپٹی وائس چانسلر یونیورسٹی آف لاپیٹر کرسپ اور رجسٹرار سپیریئر یونیورسٹی محمد کامران نے مفاہمتی یاداشت پہ دستخط کیے,مسٹر کرسپ کا کہنا تھا کہ یونی ورسٹی آف لاء سپیریئر یونیورسٹی کے ساتھ مل کر بین الاقوامی لاء کی تعلیم کا نصاب بنائے گا جو مارکیٹ میں جگہ بنانے کی تمام دشواریوں کو دور کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس اشتراک سے نوجوانوں کو بہتر روزگار مہیا ہوگا جس سے وہ پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
ریکٹر سپیریئر یونیورسٹی ڈاکٹر سمیرا رحمن اور رجسٹرار سپیریئر یونیورسٹی نے یونیورسٹی آف لاء(لندن ) کے وفد کو خوش آمدید کہا جبکہ مینجینگ ڈائریکٹر پاکستان گلوبل یونیورسٹی فیصل عظیم، کیلون جونس،اسد اللّٰہ شیخ،حسنین حیدر تارڑ،اسد عباس سمیت دیگر نے شرکت کی۔
اس پر وقار تقریب کے موقع پہ ڈاکٹر سمیرا رحمن نے وفد کو ایچ ای سی کی نئی distance learning policy کے بارے بتایا،انہوں نے کہا کہ سپیریئر یونیورسٹی online distance learning program کی منصوبہ بندی کر رہا ہے،ڈاکٹر سمیرا رحمن نے کہا یونیورسٹی آف لا نے ایک متاثر کن آن لائن کیمپس بنایا ہے اور مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی ایک وجہ یہ بھی ہے۔