اسلام آباد: وفاقی کابینہ کا الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے انتخابات نہ کروانے کی صورت میں الیکشن کمیشن کو فنڈز جاری نہ کرنے کا فیصلہ، قانون صرف ای وی ایم پر انتخابات کو تسلیم کرتا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے انتخابات نہ کروانے کی صورت میں الیکشن کمیشن کو فنڈز جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت صرف اسی صورت الیکشن کے لیے فنڈز جاری کرے گی جب انتخابات ای وی ایم پر ہوں گے۔
فواد چودھری نے رانا شمیم کو ن لیگ کا نائب صدر قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج انہوں نے ہائی کورٹ میں کہا ہے کہ یہ میرا حلف نامہ ہی نہیں، یہ کیسے ممکن ہے کہ ایک شخص کا حلف نامہ اخبار میں چھپ جائے اور اس کو معلوم ہی نہ ہو؟ لگ رہا ہے کہ نوازشریف کے کہنے پر اخبار میں وہ حلف نامہ چھپا۔
وفاقی وزیر فواد چوہدری نے بتایا کہ سندھ حکومت کراچی اور حیدرآباد میں قیمتوں پر قابو نہیں کر پارہی، جس کے اثرات پورے ملک پر پڑ رہے ہیں، حیدرآباد میں آٹا سب سے مہنگا ہے جب کہ کراچی میں چینی سب سے مہنگی ہے وزیر اعلی سندھ قیمتوں کو کنٹرول کریں۔
وفاقی وزیراطلاعات نے بتایا کہ کابینہ نے صوبائی حکومتوں کوہدایت کی ہے کہ وہ عوام کو کورونا کی ویکسین لگوائیں، کیوں کہ کورونا کی پانچویں لہر پاکستان میں آکر رہے گی اور ہم اسے شکست دیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کابینہ نے امین اسلم کو لاہور میں سموگ کے تدارک کے لیے طویل المدتی پالیسی بنانے کی ہدایت کی ہے۔