بلاول بھٹو زرداری کی عمران خان اور پی ڈی ایم پر شدید تنقید 

04:38 PM, 30 Nov, 2021

پشاور : پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان اور اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کہتے ہیں ہمارے کچھ دوستوں نے پشاور میں جلسے کرنے کی کوشش اب وہ تحقیقات کر رہے ہیں اکٹھا ہونے کے بعد بھی جلسہ ناکام کیوں رہا؟

پشاور میں پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سلیکٹڈ نے ہدایت کی تھی کہ پشاور میں پی پی کا جلسہ نہیں ہونے دینا ۔سلیکٹڈ دیکھ لو اب پورا پشاور جلسے میں ہے۔ سلیکٹڈ وزیراعلیٰ کو بھی کچھ دن پہلے جلسے میں عوام نے مسترد کردیا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ  انتخابی اصلاحات کے نام پر اوورسیز پاکستانیز کے ساتھ کھیل کھیلا جا رہا ہے. . ای وی ایم کے نام پر پاکستان سے گیم کھیلا جا رہا ہے. آئی ایم ایف کے ساتھ حکومتی ڈیل غیر قانونی ہے .پیپلز پارٹی نے جس طرح آر ٹی ایس کو مسترد کیا ایسے ہی ای وی ایم کو مسترد کرتی ہے.

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ حکومت ملک میں ای وی ایم سے الیکشن کراناچاہتی ہے۔ ہم صاف اور شفاف الیکشن چاہتے ہیں،جعلی مشینوں والا نہیں۔ سلیکٹڈ حکومت کے اس مذموم مقصد کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کی غلامی نہیں کرنے دیگا۔ اسٹیٹ بینک کسی عدالت کا یا کسی حکم کا پابند نہیں ہوگا۔سلیکٹڈ حکومت پاکستان کےاسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کی غلامی میں دینے جارہی ہے۔ سلیکٹڈ حکومت نے پارلیمان میں اس ڈیل کو پیش نہیں کیا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جو ملک گیس پیدا کرتا ہے اگلے مہینے اس کو گیس نہیں ملے گی۔ حکومت نے گیس ،بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کردیا۔ اب پٹرول کی قیمتوں میں مزید اضافہ کرنے جا رہی ہے۔ پیپلز پارٹی کے جیالے اس اضافے کو پوری طرح مسترد کرتے ہیں۔  عوام ساتھ دیں گے تو سلیکٹڈ کو ان کے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونےدیں گے۔

انہوں نے کہا کہ  یہ حکومت عوام کے پیٹ پر ڈاکاڈال رہی ہے،ووٹ پر بھی ڈاکا ڈال رہی ہے۔ عوام ایک بار پھر پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں ہم پھرمعیشت کو کھڑا کردینگے۔ آج ملک میں امیرطبقہ مزید امیر اور غریب مزید غریب ہورہا ہے۔  آج ملک کا ہر طبقہ پریشانی سے دوچار ہے،ملکی معیشت تباہ ہوچکی ہے۔  اس نالائق حکومت کی وجہ سے عوام پریشان ہیں۔ 

عمران خان حکومت نےاشیائے ضروریہ اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا۔ آئی ایم ایف سے ڈیل کی وجہ سے ملک میں مہنگائی، بیروزگاری میں اضافہ ہوا۔ ہماری حکومت میں معیشت بہت مضبوط تھی۔ پی ٹی آئی حکومت آئی ایم ایف ڈیل سے چل رہی ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے عوام پر قرضوں کا بوجھ لاد دیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام نے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو بھی بھگتا ہے۔ عوام تبدیلی سرکار کی حکومت کو بھگت رہے ہیں۔ دونوں جماعتوں نے عوام کو سوائے مایوسی کے اور کچھ نہیں دیا۔ 

مزیدخبریں