اسلام آباد:محکمہ موسمیات نے بارشوں کا انتظارکرنے والی عوام کو خبر دیتے ہوئے کہا کہ ملک بھرمیں آئندہ اتوار سے سر د ہوائیں چلنا شروع ہو جائینگی ،جس کے باعث ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم بدستور خشک اور سرد رہے گا ،پنجاب کے میدانی علاقوں میں سموگ ،دھند میں اضافے کی وجہ سے فی الحال بارشوں کا کوئی امکان نہیں ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد کا کم سے کم درجہ حرارت 6 جبکہ زیادہ سے زیادہ 12 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کی طرف سے اسلام آباد کی ہوا میں نمی 52 فیصد ریکارڈ کی گئی، دوسری طر ف پیشگوئی کے مطابق میدانی اضلاع میں اسموگ ہلکی دھند چھائی رہے گی، اس دوران شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم بدستور خشک اور پہاڑی علاقوں میں رات اور صبح کے دوران شدید سردرہے گا، جبکہ چترال، دیر اور سوات میں مطلع ابر آلود رہے گا۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم بدستور خشک رہے گا۔صبح کے اوقات میں سکھر اور گردونواح میں ہلکی دھند، اسموگ چھائے رہنے کا امکان ہے ۔
کوئٹہ سمیت شمالی بلوچستان میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید سرد رہے گا ۔آج ر یکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت لہہ منفی08، سکردو منفی05 ،زیارت منفی 04، گوپس منفی03 ، قلات ، کالام ،گلگت ،استور منفی02 ، کوئٹہ،راولاکوٹ،اننت ناگ،سری نگر منفی 01ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔