اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے نئے ویرئنٹ کی وجہ سے پاکستان میں بھی تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے تاہم ابھی پاکستان میں اس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے ۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے ویکسیئن اور ایس او پیز پر عمل کرنا چاہئے ۔
ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے ویرئینٹ اومی کرون کا فی الحال کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا لیکن ہمیں اس سے غافل ہرگز نہیں رہنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کورونا وائرس کے ایس اوپیز پر عملدرآمد کرنا چاہئے ۔ ماسک پہننا اور سماجی فاصلہ قائم رکھنا اپنی عادت بنا لیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے پھر عوام پر زوردیا کہ وہ جتنی بھی جلدی ممکن ہو اپنی ویکسی نیشن کرائیں اور یہ ہی کورونا وائرس سے بچاؤ کا پہلا اور تعمیر ی حل ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری ترجیح ان لوگوں کی ویکسی نیشن ہے جنہیں اب تک ایک بھی ڈوز نہیں لگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے پریس کانفرنس میں اومی کرون کی پاکستان آمد روکنے کو ناممکن قرار دیا تھا۔اسد عمر کا کہنا تھا کہ وائرس کو روکنا ناممکن ہے لیکن اس سے نمٹنے کا ایک ہی حل ویکسی نیشن ہے ۔