چٹاگانگ : چٹا گانگ ٹیسٹ میں پاکستان نے بنگلادیش کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی ۔
چٹا گانگ میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ کے آخری روز پاکستان کی ٹیم نے بنگلادیش کو 8 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔
بنگلہ دیش کے 202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز نے ایک بار پھر شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور دونوں نے نصف سنچریاں کرتے ہوئے 151 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی، تاہم عبداللہ شفیق 73 رنز بنا کر آؤٹ ہو ئے جبکہ عابد علی نروس 90 کا شکار ہو کرسنچری مکمل نہ کر سکے اور 91 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے۔ جس کے بعد بابر اعظم اور اظہر علی نے بالترتیب 13 اور 24 رنز بناتے ہوئے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میں فتح سے ہمکنار کروا دیا۔بنگلہ دیش کی جانب سے تیج الاسلام اور حسن مراض نے ایک ایک وکٹ لی۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے اپنی پہلی اننگز میں 330 رنز بنائے جس کے جواب میں پاکستان کی ٹیم 286 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور بنگلہ دیش کو 44 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ۔ تاہم بنگلہ دیش کی دوسری اننگز میں پاکستانی باؤلرز نے بہترین کم بیک کرتے ہوئے بنگلادیش کی پوری ٹیم کو 157 پر آؤٹ کر دیا تھا اور یوں پاکستان کو جیت کے لیے 202 رنز کا ہدف ملا ۔جس کو پاکستان نے دو وکٹوں پر حاصل کر کے چٹاگانگ میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میں فتح حاصل کر لی۔
پاکستان کی جانب سے دونوں اننگز میں بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرنے والے عابد علی کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا،عابد علی نے پہلی اننگز میں 133 اور دوسری میں91 رنز بنائے۔
خیال رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا اور آخری میچ 4 دسمبر سے ڈھاکہ کے شیر بنگلہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔