خاتون نے حاملہ دوست کو قتل کرکےچاقو کی مدد سے پیٹ سے بچہ نکال لیا

خاتون نے حاملہ دوست کو قتل کرکےچاقو کی مدد سے پیٹ سے بچہ نکال لیا

برازیلیا : خاتون نے اینٹ سے نوماہ کی حاملہ دوست کو قتل کرکے پیٹ سے نوزائیدہ بچہ نکال لیا ۔ عدالت نے ملزمہ کو 57 سال قید کی سزا سنائی ہے  ۔

جرائم کی دنیا کئی سفاک اور دلخراش واقعات سے بھری پڑی ہے لیکن بعض اوقات ایسے واقعات دیکھنے یا سننے کو ملتے ہیں جن کا انسان تصور بھی نہیں کرتا لیکن وہ واقعات اپنا وجود رکھتے ہیں ۔ ایسا ہی ایک افسوسناک واقعہ برازیل میں پیش آیا ہے جس کے بارے میں دنیا بھر میں افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق  یہ افسوسناک واقعہ برازیل کے شہر کینی لینہا میں پیش آیا ہے ۔24 سالہ فلیویا گوڈنہومافرا 9 ماہ کی حاملہ تھیں ان کی بہترین اور قریبی دوست روسالبا ماریہ اس کو بچے کی پیدائش سے قبل کے فوٹوشوٹ کے بہانے ایک سنسان جگہ پر لے گئی ۔

ڈیلی سٹار کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ روسالباماریہ نے موقع دیکھتے ہی اپنی دوست کے سرپر اینٹ سے حملہ کیا جس سے وہ گر گئی اس کے بعد پے درپے اینٹوں کے وار سے حاملہ خاتون کی موت واقع ہوگئی ۔

( مقتولہ کی اپنے شوہر کے ساتھ یاد گار تصویر )

فلیویا کی موت کے بعد روسالبا نے تیز دھار چاقو سے اس کے پیٹ کو چاک کیا اور نوزائیدہ بچے کو باہر نکال لیا  اور خاتون کی لاش کو قریبی گڑھے میں پھینک دیا ۔

روسالباماریہ دوست کو قتل کرنے کے بعد بچے کو لے کر اپنے بوائے فرینڈ کے گھر چلی گئی اور اس سے بھی جھوٹ بولا کہ  وہ دوسرے شہر میں تھی اور اچانک اس کی ڈلیوری ہوگئی ۔

جب دونوں نوزائیدہ بچے کو لے کر ہسپتال پہنچے تو روسالبا نے اپنی اچانک ڈلیوری کے بارے میں ڈاکٹروں کو بتایا لیکن ڈاکٹروں کو صورتحال پر شک ہوا جس پر انہوں نے پولیس کو بلالیا پولیس نے ابتدائی چھان بین میں معاملے کو مشکوک قرار دیا  بچے کو ڈاکٹروں کے حوالے کرکے پولیس دونوں کو تھانے لے گئی ۔

  • ( مقتولہ ۔۔۔فلیوگوڈنہومافرا )

عدالت میں خاتون نے بتایا کہ وہ اپنی دوست سے حسد کرتی تھی اور اس کا بچہ چرانا چاہتی تھی  اس لئے اس نے آن لائن ریسرچ کرکے پتہ کیا کہ پیٹ میں سے بچہ کیسے نکالتے ہیں جب مجھے اندازہ ہوا کہ میں یہ کام کرسکتی ہوں تو پھر میں نے اپنی دوست کو قتل کردیا ۔

اس سارے معاملےخاتون کے بوائے فرینڈ کو بھی شامل جرم سمجھا جارہا تھا لیکن جب پولیس نے تحقیقات کیں تو وہ بے قصور قرار پایا اور یہ ثابت ہوگیا کہ اس کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں جبکہ قاتل خاتون کو عدالت نے 57 سال قید کی سزا سنادی ۔

یاد رہے کہ یہ واقعہ27 اگست کا ہے جس کو جرم کی دنیا میں ایک بدترین واقعہ  قرار دیا جارہا ہے ۔