پاکستان میں کورونا کے باعث مزید 10 مریض دم توڑ گئے

07:27 AM, 30 Nov, 2021

اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث مزید 10مریض انتقال کر گئے ، جس کے بعد اموات کی تعداد 28 ہزار 728 ہو گئی ۔

 نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 475 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 42 ہزار 577 افراد کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے ۔

این سی او سی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ایک ہزار 905 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 1.1 فیصد رہی ۔ 

دوسری جانب  کورونا کی نئی قسم ’’اومی کرون‘‘ کے سامنے آنے کے بعد دنیا بھر میں تہلکہ مچ گیا ہے، تاہم عالمی ادارہ صحت کے مطابق  جنوبی افریقہ  سے پھیلنے والے کوروناکے اس نئے ویرئینٹ کے بہت تیزی سے پھیلنے کے ثبوت نہیں ملے ہیں۔ ڈبلیو ایچ او کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ابھی تک واضح نہیں ہے کہ آیا کورونا کی نئی شکل اومی کرون پرانی قسم ڈیلٹا سمیت دیگر اقسام کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے پھیلتی ہے اور اس کی شدت باقی اقسام سے زیادہ ہے۔

 بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جنوبی افریقہ میں اومی کرون میں مبتلا مریضوں کے اسپتال میں داخل ہونے کی شرح زیادہ ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ کورونا کی اس نئی قسم کی انسانوں میں منتقلی اور شدت کی شرح بھی زیادہ ہوگی۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق فی الحال ایسے پریشان کن اعداد و شمار سامنے نہیں آئے جس کی بنیاد پر یہ تجویز کیا جا سکے کہ او می کرون دیگر اقسام سے زیادہ خطرناک ہے۔ اس میں دو ہفتے کا وقت لگ سکتا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا کی نئی قسم کیخلاف موجودہ ویکسین کی افادیت دیکھنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں تاہم اس بات کا قوی امکان ہے کہ نئے ویرینٹ پر موجودہ ٹیسٹ اور کورونا وائرس کے علاج میں استعمال ہونے والی دوا کارگر ثابت ہو سکتی ہے۔

مزیدخبریں