ملتان: سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا آج کے جلسے کے لئے حکومت کی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کی گئیں اور رکاوٹوں کے باوجودعظیم الشان جلسہ ہو رہا ہے جبکہ حکومت نے جلسے کیلئے بجلی کا انتظام نہیں کرنے دیا۔ حکومت نے کنٹینرز اور کھانا دینے کا وعدہ کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ملتان کا مطالبہ جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانا ہے اور جنوبی پنجاب صوبہ بہت ضروری ہے اگر جنوبی پنجاب صوبہ بنا تو خطہ ترقی کرے گا۔
خیال رہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کی جانب اولیا کے شہر ملتان میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔ کارکنوں نے گھنٹہ گھر کے اطراف سے رکھی گئی رکاوٹیں ہٹا کر اسٹیڈیم میں پہنچ گئے ہیں۔ شہر میں موبائل فون اور انٹر نیٹ سروس جزوی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی بہن آصفہ بھٹو زرداری کی سربراہی میں گیلانی ہاوس سے عظیم الشان ریلی نکالی گئی اور وہ بھی قاسم باغ اسٹیڈیم میں پہنچ گئی۔ سندھ کے صوبائی وزیر تعلیم و محنت سعید غنی، وزیر اطلاعات سندھ ناصر شاہ، ایم این اے شگفتہ جمانی بھی آصفہ بھٹو زرداری کے ہمراہ تھے۔ آصفہ بھٹو زرداری چارٹرڈ طیارے کے ذریعے ملتان پہنچیں۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت کے لئے ملتان پہنچ گئی ہیں۔