ملتان: پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کی جانب اولیا کے شہر ملتان میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔ کارکنوں نے گھنٹہ گھر کے اطراف سے رکاوٹیں ہٹا دیں۔ شہر میں موبائل فون اور انٹر نیٹ سروس جزوی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی بہن آصفہ بھٹو زرداری نے گیلانی ہاوس سے عظیم الشان ریلی نکالی گئی اور وہ بھی گھنٹہ گھر پہنچ گئی۔ سندھ کے صوبائی وزیر تعلیم و محنت سعید غنی، وزیر اطلاعات سندھ ناصر شاہ، ایم این اے شگفتہ جمانی بھی آصفہ بھٹو زرداری کے ہمراہ تھے۔ آصفہ بھٹو زرداری چارٹرڈ طیارے کے ذریعے ملتان پہنچیں۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت کے لئے ملتان پہنچ گئی ہیں۔
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان بھی گھنٹہ گھر پہنچ گئے ہیں۔ میڈٰیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اس وقت تک واپس نہیں جائیں گے جب تک جلسہ نہ کر لیں۔
آئی جی پنجاب انعام غنی نے پی ڈی ایم کے کارکنوں کے راستے رکاوٹیں ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریلی کی شکل میں آنے والے کارکنوں سے کسی قسم کی مزاحمت نہ کی جائے۔
اس سے قبل گزشتہ دو روز سے قاسم باغ اسٹیڈیم کے اطراف کے علاقوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی جبکہ شہر کے بیشتر مقامات پر کنٹینر لگا کر سڑکوں کو بند کر دیا تھا جس سے عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم بعد میں انتظامیہ نے ملتان کو آنے والی سڑکوں سے کنٹینرز ہٹا دیئے اور شاہراہوں کو عام ٹریفک کے لئے کھول دیا جس کے بعد کارکنان رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے جلسہ گاہ پہنچنا شروع ہو گئے۔