پی ڈی ایم کے جلسے عوام کی رائے کا اظہار ہیں، شاہد خاقان عباسی

02:27 PM, 30 Nov, 2020

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے جلسے عوام کی رائے کا اظہار ہیں۔ عوام سے پوچھیں وہ کیا چاہتے ہیں، حکومت نے ان کا کیا حال کر دیا ہے۔ ملتان میں جو فلم چلے گی اسے پورا پاکستان دیکھے گا۔ حکمرانوں کو عوام کی تکلیف کا احساس نہیں ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چینی اور دوائوں میں کرپشن کرنے والوں کیخلاف کارروائی نہ کرنا این آر او ہے جو وزیراعظم نے اپنے وزرا کو دیا۔ مجھے ان سے کسی قسم کا این آر او نہیں چاہیے، وزیراعظم کے پاس یہ اختیار ہی نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سب کا بیانیہ ہے کہ ملک کو آئین کے مطابق چلنا چاہیے۔ اس وقت ہر ماہ سرکلر ڈیٹ میں 60 ارب ارب کا اضافہ ہو رہا ہے۔ پاور سیکٹر کا سرکلر ڈیٹ 2018 میں 1050 ارب تھا جو اب 2300 ارب سے بڑھ چکا ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم پر کرپشن کا نہیں اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے۔ ہمارے دور میں گیس قیمت میں ایک روپیہ بھی اضافہ نہیں ہوا۔ اضافی اور سستی ایل این جی اور بجلی سے ملک کی جی ڈی پی میں 3 فیصد اضافہ ہوا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گیس کی قیمت کیوں بڑھی؟ حکومتی وزرا یہ بتانے سے قاصر ہیں۔ آج پھر سے ملک کو بجلی اور گیس کی قلت کا سامنا ہے۔ بجلی کے مسائل کا حل اضافی گیس منگوانے میں ہے۔ حکمرانوں نے ایل این جی نہیں منگوائی۔

ادھر ترجمان مسلم لیگ ن پنجاب عظمیٰ بخاری نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا ہے کہ مریم نواز کے ساتھ بہت بڑا قافلہ آ رہا ہے۔ پولیس والے بھی کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کر رہے۔ آج ملتان میں پاکستان کی تاریخ کا انوکھا جلسہ ہوگا۔ کورونا 18 کو گھر بھیجنے کیلئے عوام سمیت سیاستدان جان ہتھیلی پر رکھ کر باہر نکل رہے ہیں۔

مزیدخبریں