اپوزیشن اپنا شو لگائے، حکومت کوئی رخنہ نہیں ڈالے گی: فردوس عاشق اعوان

01:53 PM, 30 Nov, 2020

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آج شاہی خاندان کی رکن ملتان فتح کرنے نکلی ہیں، ان کے آنے جانے میں حکومت کہیں رکاوٹیں نہیں کھڑی کرے گی۔

فردوس عاشق اعوان کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا آج یوم تاسیس بھی ہے، اس میں بھٹو کے قاتل بھی شریک ہو رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کا یہ گٹھ جوڑ ان کے اپنے نظریے کی نفی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز فرماتی ہیں ذاتی درد چھوڑ کر باہر نکلی ہوں۔ ان کی سیاست ذات سے شروع ہو کر ذات پر ختم ہوتی ہے۔ مریم نواز کو اقتدار، مفادات اور مقدمات کا درد ہے۔ اپوزیشن جو شو لگانا چاہتی ہے حکومت اس میں کوئی رخنہ نہیں ڈالے گی۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا پر بتایا جا رہا ہے کہ کچھ سیاسی جماعتوں کے کارکن کو گرفتار کیا گیا ہے۔ حکومت نے کسی کی گرفتاری کا حکم نہیں دیا، یہ باتیں بے بنیاد ہیں۔ البتہ قانون کے مطابق خلاف ورزی کرنے والوں کو کٹہرے میں لائیں گے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ملتان کے عوام نے سازشی ٹولے کو مسترد کر دیا ہے۔ اب یہ لوگ گھنٹہ گھر چوک پر ریلی کی شکل میں اکٹھے ہو رہے ہیں۔ ملتان کےعوام آج پی ڈی ایم کے وائرس کا بھی مقابلہ کریں گے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ان کی ریلی اس بات کی نشاندہی ہے کہ اپوزیشن کی سانسیں اکھڑ چکی ہیں۔ جو قانون کے منہ پر طمانچہ مارے گا تو قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔

اس موقع پر انہوں نے پاکستان میں پولیو کیسز پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ملک کو پاک کرنا پی ٹی آئی حکومت کا عزم ہے۔ اس قومی مشن میں والدین اور میڈیا کا بھی اہم کردار ہے۔ رواں سال پنجاب میں پولیو کے 14 کیسز رپورٹ ہوئے۔ عالمی وبا کی وجہ سے پنجاب میں پولیو مہم متاثر ہوئی۔ انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے اس کی مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے۔

مزیدخبریں