آئی جی پنجاب کا پی ڈی ایم کارکنوں کے راستے سے رکاوٹیں ہٹانے کا حکم

01:22 PM, 30 Nov, 2020

لاہور: آئی جی پنجاب انعام غنی نے اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے کارکنوں کے راستے رکاوٹیں ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریلی کی شکل میں آنے والے کارکنوں سے کسی قسم کی مزاحمت نہ کی جائے۔

دوسری ملتان میں پی ڈی ایم کے کارکن ٹولیوں اور ریلیوں کی صورت میں مختلف مقامات پر اکٹھے ہو رہے ہیں۔ قلعہ کہنہ قاسم باغ سٹیڈیم کی طرف پہنچنے والے کارکنوں کو منتشر کرنے کا سلسلہ ابھی تک جاری ہے۔

انتظامیہ جلسہ رکوانے کیلئے سرگرم ہے جبکہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے کارکنوں کی بڑی تعداد چوک گھنٹہ گھر پہنچ گئی ہے۔ سیاسی جماعتوں کے کارکن پرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔ سردی کے باوجود ملتان میں سیاسی درجہ حرارت گرم ہو چکا ہے۔

قاسم باغ سٹیڈیم کے اطراف انتظامیہ کا کنٹرول ہے۔ چاروں طرف کنٹینرز کی دیوار کرکے آنسو گیس کے شیلز اور ربڑ کی گولیوں سے لیس پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ کاروباری مراکز بند کرتے ہوئے گھنٹہ گھر چوک کو سیل کر دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ میٹرو، سپیڈو اور انٹرنیٹ سروس بھی بند ہے۔ سندھ سے آنے والے کارکنوں کو روکنے کی کوشش کیلئے سندھ پنجاب بارڈر پر بھی کنٹینر پہنچا دئیے گئے ہیں۔

پی ڈی ایم رہنمائوں نے قلعہ کہنہ قاسم باغ میں جلسے کا اعلان کرتے ہوئے کارکنوں کو رکاوٹیں عبور کرکے جلسے میں پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔ ادھر گیلانی ہاؤس کے باہر موجود کارکن بھی پرجوش ہیں۔ گیلانی ہاؤس سے آصفہ بھٹو ریلی کے ساتھ جلسہ گاہ پہنچیں گی۔

ادھر مریم نواز جاتی عمرہ سے قافلے کی صورت میں بذریعہ موٹروے ملتان روانہ ہو چکی ہیں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو ویڈیو لنگ کے ذریعے جلسے سے خطاب کریں گے۔

پنجاب بھر میں اپوزیشن رہنماؤں اور کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ سرکاری املاک کی توڑ پھوڑ، ملازمین سے ہاتھا پائی اور کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مقدمات بھی درج کئے جا رہے ہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے 5 دہائیوں سے آمروں کے خلاف جنگ لڑی۔ کارروائیوں نے ثابت کر دیا کہ سلیکٹڈ حکومت آمریت کا جیتا جاگتا نمونہ ہے۔ پی پی قیادت نے آمروں اور ان کی باقیات کے مظالم کا مقابلہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ قیادت اور کارکنان نے ہتھکنڈوں، تشدد، قید وبند اور شہادتوں کا جرات سے سامنا کیا۔ پیپلز پارٹی ملک میں جمہوریت کیلئے جدوجہد کی معمار ہے۔ آصفہ بھٹو زرداری آج ملتان کے عظیم الشان جلسہ عام میں میری نمائندگی اور پی ڈی ایم قیادت کا استقبال کریں گی۔

مزیدخبریں