ملتان : حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی تمام سیاسی جماعتیں آج ملتان میں عوامی طاقت کا بھر پور مظاہرہ کریگی ۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن نے ہر صورت میں قاسم باغ میں جلسہ کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ قاسم باغ اسٹیڈیم کا مکمل کنٹرول ضلعی انتظامیہ کے پاس ہے ۔ پنجاب حکومت نے قانون توڑنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا اعلان بھی کیا ہے ، انتظامیہ نے قلعہ کھنہ قاسم باغ جانے والے تمام راستے بند کردیے ہیں ۔
ملتان میں سیاسی پارہ تین دنوں سے مسلسل بڑھتا ہی جارہاہے ، اور علی قاسم گیلانی سمیت درجنوں کارکنوں کو گرفتار کیا جاچکاہے ۔
ابھی تک قاسم باغ میں اسٹیج نہیں لگ سکا اور نہ ہی کرسیاں پہنچ سکیں ، اسٹیڈیم سے پی ڈی ایم جماعتوں کے جھنڈے اور بینرز بھی اتار دیے گئے ہیں ۔
ملتان کےگھنٹہ گھر چوک کو آنے والے تمام راستے بند کردیے گئے ہیں ۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں کا پہرہ بھی سخت کردیا گیا ہے ، قاسم باغ اسٹیڈیم کو تالے لگا کر بند کردیا گیاہے ۔
ملتان کے گھنٹہ گھر چوک میں پولیس اور لیگی کارکن آمنے سامنے آگئے ، رانا ثنا اللہ پولیس کے ہاتھ نہ آئے ، مگر متعدد کارکنوں کو دھر لیا گیا ، شہر کے مرکزی چوک کو آنے والے تمام راستوں کو سیل کردیاگیاہے ،
پیپلز پارٹی کے رہنما علی قاسم گیلانی درجنوں کارکنوں سمیت پولیس کی حراست میں ہیں ، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے چاروں بیٹوں کے خلاف مقدمات درج کے جاچکے ہیں ۔
انتظامیہ نے قاسم باغ اسٹیڈیم کے اطراف اور کچہری سے گھنٹہ گھر چوک تک سی سی ٹی وی کیمرے نصب کردیے ہیں ۔
واضح رہے کہمسلم لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ لوگ حکومت کے خلاف اپنا فیصلہ سنا چکے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ جلسہ روکنےکے لیے حکومت غیر قانونی راستے اختیار کررہی ہے ، کورونا میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ پی ڈی ایم کو ہی کیوں جلسے نہ کرنے کا کہا جاتا ہے ۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا ہے کہ کورونا ہی میں اسد عمر ، فردوس عاشق اعوان اور خود وزیراعظم جلسے کرتے ہیں ، اور اب یہ سلیکٹڈ ووٹ چور ٹولہ جلسے روکنے کے لیے سر توڑ کوشش کررہاہے ۔ جبکہ پاکستان ڈیمو کریٹک مومنٹ کے کسی بھی جلس میں گملہ تک نہیں ٹوٹا ہے ۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ لوگ حکومت کے خلاف اپنا فیصلہ سنا چکے ہیں جبکہ ہمارا احتجاج پر امن اور عوامی مفاد کے لیے ہوگا۔