لاہور: عالمی وبا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔
سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق وبائی مرض بڑھنے کے بعد لاہور کے 26 اور راولپنڈی کے 15 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈائون کا نفاذ کر دیا گیا ہے۔
ان علاقوں کے تمام شاپنگ مالز، ریسٹورنٹ اور دفاتر تاحکم ثانی بند رہیں گے۔ علاقہ مکینوں کی نقل وحمل محدود ہوگی جبکہ انتہائی ضرورت کے پیش نظر صرف ایک فرد سواری استعمال کر سکے گا۔ اس حوالے سے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ملتان کے 7، لیہ 5، فیصل آباد اور سرگودھا کے 4، 4، گوجرانوالہ کے 3 علاقوں میں بھی سمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے۔ ان علاقوں میں تمام میڈیکل سروسز، فارمیسی، میڈیکل سٹورز اور لیبارٹریاں 24 گھنٹے کھلی رہیں گی۔
اس کے علاوہ دودھ کی دکانیں، گوشت، مچھلی کی دکانیں اور بیکریاں صبح 7 سے شام 7 بجے تک کھلی رہیں گی۔ گروسری سٹورز، جنرل سٹورز، تندور اور پیڑول پمپس صبح 9 بجے سے شام 7 بجے کھل سکیں گے۔
خیال رہے کہ عالمی وبا کے کیسز میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ ایک دن میں مزید 40 افراد جان گنوا بیٹھے ہیں۔ 24 گھنٹے کے دوران 2 ہزار 839 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ متاثرین کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 98 ہزار 24 ہو گئی ہے جبکہ 3 لاکھ 41 ہزار 423 مریض کورونا کو شکست دے کر صحتیاب ہو چکے ہیں۔
صوبائی وزیر صحت نے عوام سے ایس او پیز پر عمل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے عندیہ دیا ہے کہ اگر بے احتیاطی اور کیسز میں اضافہ جاری رہا تو حکومت کے پاس لاک ڈائون کا آپشن موجود ہے۔
انہوں نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپوزیشن اتحاد کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کو جلسوں میں بلا کر ان کی زندگیاں دائو پر لگا رہی ہے۔