اسلام آباد:مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں چالیس چوروں کا مافیا ملک پر مسلط ہے۔
تفصیلات کے مطابق ، مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران صاحب “پلے نہیں دھیلہ تے کردی میلہ میلہ “ کی بہترین مثال ہیں۔وزیر اعظم کے جھوٹے دعوے صرف الہ دین کا چراغ ہی پورے کر سکتا ہے عمران صاحب تیس سال سے جن پر الزام لگا رہے ہیں، اُن کے چوری کئے ہوئے تیس پیسے ہی دکھا دیں؟
لیگی ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم جنہیں چور، ڈاکو اور مافیا کہہ رہے ہیں، عوام انہیں جھولیاں اُٹھا کر دعائیں دے رہے ہیں، آپ عوام کو بتائیں ایک سال میں چوروں اور ڈاکووں کے لوٹے ہوئے کتنے ارب واپس آئے ہیں؟
مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز شریف کی اورنج ٹرین تو 10 دسمبر کو شروع ہو رہی ہے، آپ کی پشاور میٹرو کے کھڈے کب بھریں گے؟ پشاور میٹرو، ایک ارب درخت، ایک کروڑ نوکری اور پچاس لاکھ گھر اب الہ دین کا چراغ ہی دے گا؟
انہوں نے کہ عمران صاحب جب تک آپ کی ذہنی سموگ ختم نہیں ہوگی زمینی سموگ ختم ہونا نا ممکن ہے، ذہنی سموگ کی وجہ سے ملک کی معیشت ، روزگار، کاروبار پربھی سموگ چھائی ہے۔
لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ لاہور میں درخت لگانے سے پہلے بتائیں خیبرپختونخوا کے ایک ارب سلیمانی ٹوپی پہنے درخت کہاں غائب ہیں؟ عمران صاحب بتائیں ایک سال میں سموگ کے خاتمے کے لئے کون سی ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے؟