مادر وطن کے دفاع کیلئے روایتی خطرات سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں:جنرل قمر جاوید

10:53 PM, 30 Nov, 2018

راولپنڈی :آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج مادر وطن کا دفاع کرنے کے لیے سرحد پر موجود روایتی خطرات سے نمٹنے کے لیے ہر طرح سے تیار ہے ، پاک فوج کے  شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیالکوٹ کور فارمیشن کا دورہ کیا۔

آئی ایس پی آر  کے مطابق آرمی چیف نے انفینٹری ڈویژن کی آپریشنل مشق کے آخری مرحلے کا معائنہ کیا اور شرکاء کے جنگی طریقہ کار اور آپریشنل صلاحیت کو سراہا ، جنرل قمر جاوید باجوہ کا پاک فوج کے جوانوں سے خطاب میں کہنا تھا کہ آپریشن ردالفساد جاری رہنے کے باوجود روایتی ردعمل کی تیاریوں کو نظر انداز کرنے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔

انھوں نے کہا  کہ سب کنوینشنل آپریشنز کا ہمارا تجربہ جنگی اہلیت کی طرف اضافہ ہے ،  پروفیشنل آرمی کو لڑائی کے لیے بہترین تربیت اور اسلحے سے لیس کیا جا رہا ہے ، آرمی چیف نے کہا کہ مجھے اس فوج کی کمان پر فخر ہے جس نے اللہ کے فضل سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ کر قوم کی خدمت کی۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ فوج مادر وطن کے دفاع کے لیے سرحد پر موجود روایتی خطرات سے نمٹنے کے لیے بھرپور تیار ہے۔

مزیدخبریں