اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے ، میرا ایمان ہے دنیا میں کوئی چیز ناممکن نہیں ہے ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں بھارتی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے اور امن سے ہی آگے بڑھا جا سکتا ہے ، انھوں نے کہا کہ میرا ایمان ہے کہ کوئی کام ناممکن نہیں ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ دہشتگردوں کی نقل و حرکت روکنے کے لیے باڑ لگا رہے ہیں ، سکھوں کے ساتھ ہندووں کی پاکستان میں نقل و حرکت کے لیے آسانیاں پیدا کریں گے ، بدقسمتی سے ممبئی واقعہ کے بعد پاک بھارت مذاکرات تعطل کا شکار ہوگئے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارت کو اپنی سوچ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے ، پاکستان کی سوچ مثبت ہے ، حافظ سعید کی جماعت جماعت الدعوۃ کے متعلق سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ اس جماعت پر اقوام متحدہ کی جانب سے پابندیاں عائد کی گئی ہیں جبکہ ان کا کیس عدالت میں بھی ہے ، ہم اپنی زمین کسی بھی ملک کے خلاف استعمال ہونے کے حق میں نہیں ہیں ۔
انھوں نے کہا کہ کرتارپور بارڈر عوامی سطح پر رابطے کو بڑھانے کے لیے کھولا گیا ، دونوں طرف سے حکومتی معاملات اپنی جگہ پر ہیں ، فرانس اور جرمنی میں تجارت کھلنے سے وہاں کے لوگوں کو آسانی ملی ہے ، دو جوہری طاقتیں کسی جنگ کی متحمل نہیں ہو سکتی ہیں ، مسئلہ کشمیر دونوں ممالک کے درمیان حل طلب تنازع ہے ۔
ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ امریکہ افغانستان میں اپنی ناکامی کا ذمہ دار پاکستان کو ٹہرا رہا ہے ، اس وقت پاکستان کے دفاعی ادارے اور حکومت ایک پیج پر ہیں۔