اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جب ملک کا خسارہ بڑا ہوتا ہے تو تھوڑی دیر کے لئے مشکل آتی ہے، روپے کی قدر میں کمی سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کہا ہے کہ لوگ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے بہت دلچسپی لے رہے ہیں، جو لوگ پاکستان میں سرکایہ کاری کرنا چاہتے ہیں حکومت ان کیلئے آسانیاں پیدا کرے گی، ہم سرمایہ کاروں کے مسائل حل کریں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اب تک ہم باہر سے چیزیں خریدتے آ رہے ہیں، ہم دنیا سے چیزیں خریدتے رہے اور بیچیں گے کچھ نہیں تو حالات نہیں بدلیں گے، جب ہمارے لوگ ہنر سیکھیں گے تو ایکسپورٹ بڑھے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے چین سے قرض کی بجائے ٹیکنالوجی کا مطالبہ کیا کیونکہ جب ٹیکنالوجی ٹرانسفر ہوتی ہے تو ملک ترقی کرتا ہے، نوکریاں نکلتی ہیں۔
وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان میں پہلی بار کارڈ مینوفیکچرنگ پلانٹ لگنے لگا ہے، اس منصوبے میں چین کی جانب سے 900 سو ملین ڈالر کی سرمایا کاری ہونے جا رہی ہے، سرمایہ کاری سے ہمارے نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے میں 5 ہزار پاکستانیوں کو پہلے جبکہ 45 ہزار کو بعد میں ملازمت دیں گے، یہ پاکستان میں مکمل کار سازی کا منصوبہ ہے، اگر ہم نے یہاں سے گاڑیاں ایکسپورٹ کیں تو اور ڈالر آئیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی باہر سے پیسہ بھیجتے ہیں اور لوگ یہاں سے منی لانڈرنگ سے پیسا باہر بھیج دیتے ہیں، ہم بیرون ملک سے ملک میں پیسے بھیجنے والوں کے لیے بھی آسانیاں پیدا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت بڑھنے سے لوگوں کی کالز آ رہی ہیں، میں نے انھیں کہہ رہا ہوں کہ پریشان نہ ہوں، ہم ایسے اقدامات اٹھا رہے ہیں جس سے ڈالر کی قیمت آگے نہ بڑھے۔