زلمی مدرسہ لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا آغاز 4 دسمبر سے کوئٹہ میں ہو گا

10:06 AM, 30 Nov, 2018

لاہور:پشاور زلمی اور زلمی فاﺅنڈیشن کے زیراہتمام دوسری زلمی مدرسہ لیگ کا انعقاد 4 دسمبر سے بلوچستان میں ہوگا جس میں صوبے بھر سے 10 ٹیمیں ان ایکشن ہوں گی اور ایون کے تمام میچز بولان کرکٹ سٹیڈیم کوئٹہ میں کھیلے جائیں گے۔


تفصیلات کے مطابق میڈیا اور برانڈ ویلیو کے لحاظ سے پاکستان کی نمبر ون فرنچائز پشاور زلمی اور زلمی فاؤنڈیشن کے زیراہتمام پہلی زلمی مدرسہ لیگ کا کامیاب انعقاد خیبر پختونخوا میں ہوا تھا۔

اس لیگ کاچرچہ دنیا بھر کے میڈیا میں ہوا اور مدارس کے طلباءکو جہاں پہلی مرتبہ مین سٹریم اور کھیلوں کے مقابلے میں سامنے آنے کا موقع ملا تھا وہیں پاکستان کا امیج دنیا بھر میں مثبت انداز میں اجاگر ہوا۔


زلمی فاﺅنڈیشن اور پشاور زلمی کی جانب سے زلمی مدرسہ لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا انعقاد چار سے چھ دسمبر تک بلوچستان میں کیا جائے گا اور ایونٹ کے تمام میچز بولان کرکٹ سٹیڈیم کوئٹہ میں کھیلے جائیں گے۔

پشاور زلمی اور زلمی فاؤنڈیشن کے چیئرمین جاوید آفریدی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ زلمی مدرسہ لیگ کے پہلے ایڈیشن کی کامیابی کے بعد انہیں حوصلہ ملا کہ وہ دیگر صوبوں میں بھی مدارس لیگ کا انعقاد کریں اور انہیں امید ہے کہ خیبرپختونخوا کی طرح زلمی مدرسہ لیگ بلوچستان میں بھی کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔


انہوں نے کہا کہ مدارس کے طلبہ کو مین سٹریم میں لانا ان کا بنیادی مقصد ہے اور وہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے بعد سندھ اور پنجاب میں بھی مدرسہ لیگ کا انعقاد کریں گے۔ زلمی مدرسہ لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے انعقاد میں تعاون پر جاوید آفریدی نے حکومت بلوچستان، پاکستان حکومت اور کمانڈر آف سدرن کمانڈ جنرل عاصم سلیم باجوہ کا بھی شکریہ ادا کیا۔

مزیدخبریں