مسلم مخالف جھوٹی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر برطانوی وزیراعظم کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنائے جانے پر امریکی صدر ٹرمپ نے برطانوی وزیراعظم کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ تھریسامے مجھ پر توجہ دینے کے بجائے اپنے ملک میں بڑھتی شدت پسندی کو روکنے کے لیے اہم اقدامات کریں۔
ٹویٹر پر مسلم مخالف برطانوی گروپ کی جانب سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی تھی جسے ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اپنے اکاؤنٹ سے تین بار دوبارہ شیئر کیا۔
جس کا مقصد دنیا میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیزی کو فروغ دینا تھا۔
بعد ازاں برطانوی گروپ کی جانب سے بھیجی گئی مسلم مخالف ویڈیو جھوٹی ثابت ہوئیں جس پر امریکی صدر کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
برطانوی وزیراعظم تھریسامے کی جانب سے امریکی صدر کے اقدام کو غلط قرار دیا گیا ۔
جب کہ لندن کے میئر صادق خان کی جانب سے بھی اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام مخالف ویڈیو ری ٹویٹ کرنے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کو برطانیہ میں خوش آمدید نہیں کہا جائے گا اور انہوں نے برطانوی حکومت سے ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ امریکا کو منسوخ کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
خیال رہے کہ ملکہ الزبتھ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو برطانیہ کے دورے کی دعوت دی ہے تاہم اس دورے کی تاریخ تاحال طے نہیں پائی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر برطانوی وزیراعظم تھریسامے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ مجھ پر توجہ دینے کے بجائے برطانیہ میں بڑھتی ہوئی شدت پسندی کو روکنے کے لیے اقدامات کریں، ہم بالکل ٹھیک کر رہے ہیں۔
یہ ویڈیوز برطانیہ کی انتہا پسند دائیں بازو کی جماعت بریٹن فرسٹ کی نائب سربراہ جیدا فرینسن کی جانب سے شیئر کی گئی تھیں جنہیں ٹرمپ نے اپنے اکاؤنٹ سے دوبارہ شیئر کیا جو بعد ازاں جعلی ثابت ہوئیں۔