معروف اداکار سلمان خان کا کہنا ہے کہ وہ دوسرے لوگوں کے بارے میں تو نہیں جانتے البتہ سنجے لیلا بھنسالی نے ان کے جذبات کو ضرور ٹھیس پہنچائی ہے۔
ڈائریکٹر سنجے لیلا بھنسالی اپنی آنے والی فلم ’’پدماوتی‘‘ کے حوالے سے تنازعات کی زد میں ہیں اور متعدد لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ سنجے نے اپنی فلم کے ذریعے ان کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے اور اب میگا اسٹار سلمان خان کا نام بھی اس فہرست میں شامل ہوگیا ہے۔
بھارتی میڈیا، سلمان خان نے ایک تقریب کے دوران اپنے بیان میں ڈائریکٹر سنجے لیلا بھنسالی کو چھیڑنے کے لیے از راہ مذاق کہا کہ ’’میں دوسرے لوگوں کے بارے میں تو نہیں کہہ سکتا لیکن سنجے نے مجھے ضرور دکھ پہنچایا ہے‘‘۔
سلمان خان کی یہ بات سن کر تقریب میں موجود افراد حیران رہ گئے اور سمجھے کہ وہ سنجے کی نئی فلم پدماوتی کے حوالے سے گفتگو کررہے ہیں۔لیکن سلمان خان کے اگلے جملے نے لوگوں کی حیرانی کو دور کردیا۔ سلمان نے کہا کہ ’’میں نے سنجے لیلا بھنسالی کو دو ہٹ فلمیں دیں پھر بھی انہوں نے دیوداس کے لیے شاہ رخ کا انتخاب کیا‘‘۔
فلم پدماوتی کے گرد گھومتے تنازعات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان خان نے کہا کہ ’’پدماوتی کے معاملے میں سنسر بورڈ اور عدالت کے علاوہ کسی کو کوئی فیصلہ کرنے کا حق نہیں‘‘۔
مزید کہاا کہ کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا اچھی بات نہیں تاہم یہ بھی جائز نہیں کہ فلم کو دیکھے بغیر اس پر تنقید کی جائے، ہمیں سنسر بورڈ کے فیصلے کا احترام کرنا چاہیے۔
خیال رہے کہ سلمان خان سنجے لیلا بھنسالی کے ساتھ دو ہٹ فلمیں خاموشی (1996) اور ہم دل دے چکے صنم (1999) کرچکے ہیں اور وہ کہتے ہیں کہ سنجے ایک ذمہ دار فلمساز ہیں، وہ ایسی کوئی فلم نہیں بنائیں گے جس سے دوسرے کے جذبات متاثر ہوتے ہوں۔
سلمان خان نے پدماوتی کی مخالفت کرنے والے گروپس سے اپیل کی کہ وہ فلم دیکھنے سے قبل احتجاج مت کریں
سلمان خان نے کہا کہ جب بھی کسی فلم کو متنازع بنایا جاتا ہے یا اس پر تنقید کی جاتی ہے تو اس کا منفی اثر انڈسٹری میں کام کرنے والے ہر فرد پر ہوتا ہے، اس سے بہت زیادہ نقصان ہوتا ہے، لوگ خوف زدہ ہوجاتے ہیں اور سنیما گھروں کا رخ نہیں کرتے۔